پشاور میں 10 ہزار روپے چالان پر ٹریفک اہلکاروں کے قتل کی خبر جعلی نکلی
ویڈیو میں نظر آنے والے ٹریفک اہلکاروں کو 27 ستمبر کو ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
پشاور میں 10 ہزار روپے چالان پر ٹریفک اہلکاروں کے قتل کی خبر جعلی نکلی
پشاور: سوشل میڈیا پر پشاور میں 10 ہزار روپے کے چالان پر دو ٹریفک اہلکاروں کے قتل سے متعلق وائرل ہونے والی خبر کو پولیس نے جعلی قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پشاور میں ٹریفک اہلکاروں نے ایک ڈرائیور کا 10 ہزار روپے کا چالان کیا، جس پر ڈرائیور نے فائرنگ کرکے دو اہلکاروں کو قتل کردیا، جبکہ بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔
سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا واقعہ پشاور میں پیش نہیں آیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے ٹریفک اہلکاروں کو 27 ستمبر کو ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹانک میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور مختلف تناظر کے ساتھ شیئر کرکے اسے پشاور کا واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی خبر، ویڈیو یا دعوے کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔