بھارتی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہید،بلاول بھٹو کی مذمت
بین الاقوامی سرحد پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی جان کے احترام اور طے شدہ سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
بھارتی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہید،بلاول بھٹو کی مذمت(فائل فوٹو)
قصور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قصور کے قریب بین الاقوامی سرحد پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہتے پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے شہریوں عظمت رسول اور محسن جٹ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سرحد پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی جان کے احترام اور طے شدہ سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان کے مطابق قوم اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت کو بین الاقوامی سرحد پر طے شدہ ضوابط کی پابندی اور انسانی جان کے احترام کو یقینی بنانا چاہیے۔