کراچی ائیرپورٹ کے متبادل کے طور پر حیدرآباد ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

اہم منصوبہ، رن وے کی لمبائی میں اضافہ، بوئنگ 777 طیارے اتر سکیں گے

October 3, 2026 · قومی
کراچی ائیرپورٹ کے متبادل کے طور پر حیدرآباد ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

کراچی ائیرپورٹ کے متبادل کے طور پر حیدرآباد ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

خراب موسم یا ہنگامی صورتحال میں حیدرآباد ائیرپورٹ کو کراچی کے متبادل ائیرپورٹ کے طور پر استعمال کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت حیدرآباد ائیرپورٹ کے رن وے کی لمبائی کو 7000 فٹ سے بڑھا کر 11500 فٹ تک کیا جائے گا تاکہ بوئنگ 777 جیسے بڑے طیاروں کی محفوظ لینڈنگ کو ممکن بنایا جا سکے۔

دستاویزات اور ذرائع کے مطابق اپ گریڈیشن کے اس منصوبے میں مسافروں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے تاکہ ہنگامی حالات یا پروازوں کی ڈائیورژن کے دوران مسافروں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ یہ اقدام کراچی، نواب شاہ اور سکھر ائیرپورٹس کے متبادل کے طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے ہنگامی صورتحال میں مسافروں کو بذریعہ سڑک کراچی اور دیگر قریبی شہروں تک منتقل کرنا انتہائی تیز اور آسان ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ائیرپورٹ کی یہ اپ گریڈیشن اسے ایک ریجنل حب کے طور پر فعال بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی، جس سے مستقبل میں اندرون ملک پروازوں کے دوبارہ آغاز کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ائیرپورٹ سے آخری کمرشل پرواز سال 2013 میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے آپریٹ کی گئی تھی، اور اب اس طویل عرصے کے بعد ائیرپورٹ کی بحالی اور توسیع پر سنجیدگی سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔