کراچی میں شہری سے 58 لاکھ روپے سے زائد چھیننے کی واردات میں ملوث مبینہ ڈاکو گرفتار

شیرشاہ میں پولیس مقابلہ، گرفتار ملزم سے 13 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد

October 3, 2026 · قومی

شیرشاہ میں پولیس مقابلہ، 58 لاکھ سے زائد کی ڈکیتی میں مبینہ ڈاکو گرفتار

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پولیس نے چار روز قبل شہری سے 58 لاکھ 75 ہزار روپے چھیننے کی واردات میں ملوث ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے قبضے سے 13 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق شیرشاہ پولیس کا ہفتے کی علی الصبح پراچہ قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت اکبر عرف عابد سرور کے نام سے ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ڈاکو کا ساتھی اسماعیل موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

گرفتار زخمی ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور 13 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو نجی کمپنی کے دو ملازمین سے میراں ناکہ روڈ کے قریب 58 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی سے بھرا بیگ چھینا تھا۔ دونوں ملازمین موٹر سائیکل پر رقم جمع کرانے جا رہے تھے۔ واقعے کا مقدمہ دفعہ 397/34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے کی گئی۔ گرفتار زخمی ڈاکو نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں چھینا گیا کیش ساتھیوں میں تقسیم کرکے واپس آرہے تھے، جبکہ فرار ہونے والا ڈاکو بھی واردات میں شامل تھا۔

ترجمان کے مطابق ڈاکوؤں کے گروہ میں مزید دو ملزمان بھی شامل ہیں، جو واردات کی ریکی اور منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ پولیس دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔