پاکستان کی پہلی چاند گاڑی جناح ون 2028 میں چاند پر اترے گی
اہم پیش رفت،اسپارکو کی تیار کردہ گاڑی بھیجی جائے گی، خلاباز بھی چین روانہ ہوں گے۔
پاکستان کی پہلی چاند گاڑی جناح ون 2028 میں چاند پر اترے گی
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی چاند گاڑی جناح ون 2028 میں چاند پر اترے گی، اور اب پاکستان اپنے سیٹلائٹس پر انحصار کر رہا ہے۔
ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو کا کہنا تھا کہ ملک کے خلائی شعبے میں مسلسل نمایاں پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری 2025 میں پاکستان نے اپنا سیٹلائٹ ای ون خلا میں بھیجا، جبکہ جولائی 2025 اور اکتوبر میں مزید 2 سیٹلائٹس خلاء میں روانہ کیے گئے۔ پاکستان کے پاس اس وقت 6 ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس موجود ہیں جو زراعت، منصوبہ بندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے جیسے اہم شعبوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
انٹرنیٹ اور ٹی وی کوریج بڑھانے کے لیے بھی اسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سپارکو نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کی منصوبہ بندی حتمی مراحل میں ہے جہاں پاکستانی خلاباز پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر جائے گا۔
مقامی طور پر تیار کردہ قمری روور کو چانگ ای-8 مشن کے تحت چاند کے جنوبی قطب پر بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تحقیق، جدت اور خلائی شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔ واضح رہے کہ سپارکو 2005 سے ورلڈ اسپیس ویک ایسوسی ایشن کا نیشنل کوآرڈینیٹر ہے اور پاکستان 2013 سے اس کی سرگرمیوں میں سرفہرست 3 ممالک میں شامل ہے۔