لانگ مارچ ہمارا حق، اسے روکا نہ جائے،بیرسٹر گوہر

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا موجودہ دور مکمل ہوگیا ہے اور فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے

October 4, 2026 · قومی
لانگ مارچ ہمارا حق، اسے روکا نہ جائے،بیرسٹر گوہر

لانگ مارچ ہمارا حق، اسے روکا نہ جائے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی، پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ہوگا اور اسے روکا نہیں جانا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا موجودہ دور مکمل ہوگیا ہے اور فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ مذاکراتی نشست کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم دونوں فریق ایک دوسرے کے ساتھ بعض امور پر مزید بات چیت جاری رکھیں گے اور ضرورت پڑنے پر مذاکرات کا اگلا دور ہوسکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ مذاکرات کامیاب ہوں، تاہم موجودہ صورتحال کے باوجود لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا سیاسی جماعت کا حق ہے اور تمام فریقین کو چاہیے کہ اسے روکنے کے بجائے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی آڑ میں کوئی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے خیبر پختونخوا کے عوام میں کشیدگی پیدا ہو۔

مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاست میں کسی بھی معاملے کو آخری نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی۔

خیبر پختونخوا سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی صورت میں صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا۔