کراچی میں بریسٹ کینسر آگاہی کیلئے سائیکل ریس
شرکا نے سندھی مسلم سوسائٹی سے جناح ہسپتال تک سائیکلنگ کی۔
کراچی میں بریسٹ کینسر آگاہی کیلئے سائیکل ریس
کراچی میں بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ’’بائیک اے کاز‘‘ سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے سندھی مسلم سوسائٹی سے جناح ہسپتال تک سائیکلنگ کی۔
ریس کے انعقاد کا مقصد بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا، مریضوں کے علاج کے لیے مالی معاونت کی حوصلہ افزائی کرنا اور بیماری سے متعلق معاشرتی شعور بڑھانا تھا۔
ریس کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
منتظم یوسف حسین نے کہا کہ ’’بائیک اے کاز‘‘ کا بنیادی مقصد بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کی مدد کے لیے معاشرے کو متحرک کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر کے کسی فرد میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہونے کی صورت میں اس کے اثرات صرف مریض تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ اس لیے بیماری کی علامات، بروقت تشخیص، علاج اور مریضوں کی معاونت کے لیے اجتماعی سطح پر کوششیں کرنا ضروری ہے۔