لاہور میں زیادتی کیس کی متاثرہ ڈیانا پولیس اہلکاروں کے ہمراہ باکو روانہ
ڈیانا کو آذربائیجان لے جانے کے لیے لاہور پولیس کے تین افسران بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئے ہیں
لاہور میں زیادتی کیس کی متاثرہ ڈیانا پولیس اہلکاروں کے ہمراہ باکو روانہ(فائل فوٹو)
لاہور میں مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس کی متاثرہ غیر ملکی خاتون ڈیانا کو پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیانا کو آذربائیجان لے جانے کے لیے لاہور پولیس کے تین افسران بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ساتھ بھیجنے کی درخواست سفارت خانے کی جانب سے کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈیانا کے ہمراہ جانے والے افسران میں ایک خاتون اے ایس پی، ڈی ایس پی قمر عباس اور ایک دیگر خاتون پولیس افسر شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اپنی نگرانی میں ڈیانا کو اس کے ملک روانہ کیا۔
اس سے قبل جمعہ کے روز ڈیانا نے بورڈنگ مکمل کرنے کے بعد طیارے میں سوار ہونے کے باوجود جہاز سے اترنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق موجودہ روانگی کے موقع پر ڈیانا کو پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں باکو بھیجا گیا ہے۔