مذاکرات کی تیسری نشست کیلئے بیرسٹر گوہر کے رابطے جاری
دونوں فریقین کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات کے دو دور کسی حتمی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔
مذاکرات کی تیسری نشست کیلئے بیرسٹر گوہر کے رابطے جاری
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ آگے بڑھانے کے لیے رابطے شروع کردیئے ہیں۔
پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات میں تاحال ڈیڈلاک برقرار ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات کے دو دور کسی حتمی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں اور تیسری نشست کے انعقاد کے لیے مختلف رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے بعض سینئر رہنما بھی لانگ مارچ شروع ہونے سے قبل مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں مذاکرات کے حوالے سے حکومت کا مؤقف بیان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دوران خیبر پختونخوا حکومت 72 گھنٹوں میں تحریری معاہدہ اور اس پر عملدرآمد کا منصوبہ دینے پر آمادہ ہوگئی تھی۔
محسن نقوی کے مطابق مذاکرات کے دوران خیبر پختونخوا حکومت تحریری معاہدے اور بہتر سکیورٹی منصوبے پر بھی رضامند ہوئی، تاہم ان کے بقول آخری مرحلے میں صوبائی حکومت اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبہ اس وقت جنگ جیسی صورتحال سے گزر رہا ہے اور موجودہ نازک حالات میں سکیورٹی کے معاملات کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔