کراچی کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ پر قابو پالیا گیا
فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں مصروف عمل، فیکٹری میں پلاسٹک موجود ہونے سے شدت میں اضافہ۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مصروفِ عمل ہیں۔
کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ٹاؤن میں حبیب بینک چورنگی کے قریب ایک گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی،تاہم 4گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔ آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی ہے جہاں پلاسٹک، ربڑ اور دیگر کیمیکل موجود ہونے کے باعث آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق اس نان وون فیبرک پلانٹ میں زیادہ تر فیبرک پی پی فائبر سے تیار کیا جاتا ہے اور فیکٹری میں بھاری مقدار میں پلاسٹک کے دانے بھی موجود ہیں۔ کے ایم سی اور ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز بھی طلب کر لیے گئے۔
ترجمان فائربریگیڈ کا بتانا تھا کہ مجموعی طور پر کے ایم سی کے 7 فائر ٹینڈرز، 1 اسنارکل اور 1 واٹر باؤزر کی مدد سے امدادی کارروائیاں ہوئیں۔ اس کے علاوہ واٹر کارپوریشن نے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر ٹینکرز روانہ کیے گئے تاکہ آتشزدگی پر قابو پانے کے عمل کے دوران پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں کے مطابق 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، کولنگ کا عمل جار ہے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔