جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،435 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

سخت کارروائیاں، 15 کامیاب آپریشنز کیے گئے، تمام افراد کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔

October 5, 2026 · قومی
جنوبی بلوچستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا منظر

جنوبی بلوچستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا منظر

 

سیکیورٹی فورسز نے ستمبر 2026 کے دوران جنوبی بلوچستان میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 435 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کی گئیں۔

دستاویزات اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ماہ ستمبر میں جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کل 15 کامیاب آپریشنز انجام دیے گئے۔ ان کارروائیوں کا دائرہ کار تربت، دشت، پنجگور، دالبدین اور ماشکیل تک پھیلا ہوا تھا جہاں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف چھاپے مارے گئے۔

حراست میں لیے گئے تمام 435 افراد کے خلاف ضابطے کی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے بعد انہیں باعزت طریقے سے ان کے وطن واپس روانہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی ناکام پالیسیوں اور سنگین معاشی مشکلات کے باعث افغان شہری روزگار اور بہتر زندگی کی تلاش میں غیر قانونی راستوں سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کا عزم ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ ملکی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔