جے یو آئی کا 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان
مفتی محمود کانفرنس میں مرکزی و صوبائی قیادت کی شرکت، کارکنوں کو تیاریوں کی ہدایت
جے یو آئی کا 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان، فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان کردیا۔ ترجمان کے مطابق ملتان میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی، جبکہ مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک جماعت کا اگلا قدم ہے۔ جنوبی پنجاب کے دل ملتان میں 15 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس ہوگی، جو عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں قانون کی حکمرانی، صاف و شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے لیے میدانِ عمل میں ہے۔ ان کے مطابق بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جے یو آئی کے شانہ بشانہ میدان میں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ یکسوئی، اعتماد اور نظم و ضبط کے ساتھ کانفرنس کی تیاریاں تیز کریں اور گلی گلی، کوچے کوچے عوام کو شرکت کی دعوت دیں۔