خیبرپختونخوا کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات متوقع

اہم سیاسی پیش رفت، گورنر راج اور ایمرجنسی پر غور، آئینی آپشنز زیرِ بحث آئیں گے۔

October 5, 2026 · قومی
خیبرپختونخوا کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات متوقع

خیبرپختونخوا کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات متوقع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کی تازہ ترین سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان جلد اہم ملاقات کا امکان ہے۔ اس ملاقات کے دوران صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے سمیت دیگر آئینی آپشنز پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعظم اس حوالے سے حتمی فیصلہ صدر اور اپنے رفقا کی مشاورت سے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مؤقف، صوبائی معاملات اور لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے اثرات اور اس کے بعد کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف زرداری نے تاحال صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں مانگی، تاہم صدر نے جیسے ہی رپورٹ طلب کی تو وہ اسے سفارشات سمیت تیار کر کے بھیج دیں گے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے اور کے پی حکومت اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔

ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر ہاؤس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اگر صدر اور وزیراعظم نے گورنر راج یا ایمرجنسی کو ضروری سمجھا تو گورنر ہاؤس اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا۔ دریں اثنا، آئی جی خیبرپختونخوا نے صوبے کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔