اسلام آباد میں نواب بہاولپور کے گھر سے کروڑوں کے نوادرات چوری، 6 ملزمان گرفتار
اہم کارروائی، 70 فیصد مال مسروقہ برآمد، عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
اسلام آباد میں نواب بہاولپور کے گھر سے کروڑوں کے نوادرات چوری، 6 ملزمان گرفتار
اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ پولیس نے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب بہاولپور فیملی کے رہائشی گھر سے قیمتی نوادرات اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرنے کی واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائی جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کا 70 سے 80 فیصد حصہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع اور دستیاب دستاویزات کے مطابق چوری ہونے والے نوادرات کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ان قیمتی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف نادر مجسمے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست بہاولپور کے ریاستی نشان والی سونے کی اشیا، تاریخی چاندی کا فریم، پرانی بندوقیں اور تاریخی تلواریں بھی مسروقہ سامان کا حصہ ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے میڈیا کو بتایا کہ مزید مال مسروقہ کی برآمدگی اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے، اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہریوں کے قیمتی اثاثوں پر ہاتھ صاف کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بعدازاں، اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم نے اس مقدمے کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، تاہم عدالت نے تمام 6 ملزمان کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 7 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔