گیپکو کی نجکاری کیلئے 9 کمپنیوں کو پری کوالیفائی کرلیا گیا
اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے کمیٹی کی ازسرنو تشکیل منظور
نجکاری کمیشن بورڈ کا زیڈ ٹی بی ایل اور ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری تیز کرنے کا فیصلہ۔ فائل فوٹو
نجکاری کمیشن بورڈ نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے 9 کمپنیوں کو پری کوالیفائی کرلیا۔
وزیراعظم کے مشیر محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں گیپکو کی نجکاری سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
گیپکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 11 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 9 کمپنیوں کو پری کوالیفکیشن کے مرحلے میں کامیاب قرار دیا گیا۔
پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں میں ترکیہ کی ایکٹور الیکٹرک، گینویرا انرجی اور چنگیز انرجی جبکہ پاکستان سے اینگرو انرجی، حب پاور، سفائر، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور اے کے ڈی سیکورٹیز شامل ہیں۔
کے الیکٹرک نے گیپکو کی نجکاری کی دوڑ سے اپنی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی، جبکہ الشریف کنٹریکٹنگ مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پری کوالیفائی کرنے والی 9 کمپنیاں جلد ورچوئل ڈیٹا روم کے ذریعے ڈیو ڈیلیجنس کا عمل شروع کریں گی۔
اجلاس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے تینوں بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔
بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (ایچ بی ایف سی ایل) کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ نجکاری کمیشن نے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو دونوں اداروں کی نجکاری کا عمل فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان نجکاری کمیشن کے مطابق تمام نجکاری کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا۔