دُکی سے اغوا 12 مزدوروں میں سے ایک پنجابی محنت کش قتل

مقتول مزدور کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے تھا

October 6, 2026 · قومی
دُکی سے اغوا 12 مزدوروں میں سے ایک پنجابی محنت کش قتل

دُکی سے اغوا 12 مزدوروں میں سے ایک پنجابی محنت کش قتل

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع دُکی سے اغوا کیے گئے 12 مزدوروں میں سے ایک مزدور کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول مزدور کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے تھا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش آبائی علاقے رحیم یار خان روانہ کردی گئی۔

پولیس کے مطابق 25 ستمبر کی شب نامعلوم مسلح افراد نے دُکی کے علاقے پلری میں شاہراہ تعمیر کرنے والی ایک کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا تھا۔ حملہ آور 12 مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے تھے، جن میں 10 کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔

دُکی پولیس کے ایس ایچ او کے مطابق مغوی مزدور شاہد کو گولی مار کر قتل کیا گیا، جبکہ اس کی لاش دُکی سے متصل ضلع کوہلو سے برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق حملے کے دوران 30 سے 40 مسلح افراد نے کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ واقعے میں کمپنی کا ایک نجی سکیورٹی گارڈ بھی ہلاک ہوا، جبکہ حملہ آوروں نے کمپنی کی چار گاڑیوں کو آگ لگانے کے بعد مزدوروں کو اغوا کرلیا۔

بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات کے باعث صوبے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔