113 ای چالان والی موٹرسائیکل پکڑی گئی،01 لاکھ 90 ہزار جرمانہ عائد
شہر میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی
113 ای چالان والی موٹرسائیکل پکڑی گئی،01 لاکھ 90 ہزار جرمانہ عائد
لاہور:ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والی ایک موٹرسائیکل ٹریفک پولیس کے ہتھے چڑھ گئی، جس کے ذمہ دار ڈرائیور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق والٹن روڈ پر کارروائی کے دوران پٹرولنگ افسران غلام عربی اور تنویر نے موٹرسائیکل کا ریکارڈ چیک کیا تو اس کے خلاف مجموعی طور پر 113 ای چالان سامنے آئے۔
ریکارڈ کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے 89 مرتبہ ہیلمٹ استعمال نہیں کیا، جبکہ 24 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔ مسلسل خلاف ورزیوں پر موٹرسائیکل کو ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور اسے تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کردیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کے حوالے سے مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں سے بچنے اور سڑکوں پر محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔