مالاکنڈ اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری، فصلیں تباہ

مکئی، سبزیوں اور پھلوں کے باغات، خصوصاً سیب اور املوک کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ بعض فصلیں کٹائی کے قریب تھیں تاہم اچانک ژالہ باری سے انہیں نقصان پہنچا۔

October 6, 2026 · قومی
دیر میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری، گاڑیوں اور سولر پینلز کے شیشے ٹوٹ گئے(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

دیر میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری، گاڑیوں اور سولر پینلز کے شیشے ٹوٹ گئے(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)

مالاکنڈ: خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث موسم سرد ہوگیا جبکہ کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔

مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی، جبکہ درگئی کے بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات ہیں۔

سوات کے مینگورہ، بریکوٹ، کبل اور مٹہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ژالہ باری سے باغات اور کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔

دیر کے تیمرگرہ اور بلمبٹ سمیت مختلف علاقوں میں بھی طوفانی ہواؤں، بارش اور ژالہ باری نے شہریوں اور زمینداروں کو مشکلات سے دوچار کیا، جبکہ بونیر کے ڈگر اور خدوخیل میں بھی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی زمینداروں کے مطابق شدید ژالہ باری سے مکئی، سبزیوں اور پھلوں کے باغات، خصوصاً سیب اور املوک کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ بعض فصلیں کٹائی کے قریب تھیں تاہم اچانک ژالہ باری سے انہیں نقصان پہنچا۔

بارش اور ژالہ باری کے بعد بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی اور سرد ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔