لاہور میں جعلی لون ایپس کے ذریعے بلیک میلنگ، 39 ملزمان گرفتار

ملزمان قرض لینے والے افراد کے موبائل فون کی گیلری اور رابطہ فہرست تک رسائی حاصل کرتے تھے

October 6, 2026 · قومی
لاہور میں جعلی لون ایپس کے ذریعے بلیک میلنگ، 39 ملزمان گرفتار

لاہور میں جعلی لون ایپس کے ذریعے بلیک میلنگ، 39 ملزمان گرفتار

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جعلی قرض ایپس کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے والے گروہ کے 39 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور کی ایک نجی رہائشی سوسائٹی میں ٹاک ماسٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے جعلی قرض ایپس کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔ گرفتار افراد مختلف ایپس کے ذریعے شہریوں کو قرض فراہم کرنے کے بعد مبینہ طور پر انہیں ہراساں اور بلیک میل کرتے تھے۔

حکام کے مطابق ملزمان قرض لینے والے افراد کے موبائل فون کی گیلری اور رابطہ فہرست تک رسائی حاصل کرتے تھے، جس کے بعد مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی نازیبا تصاویر تیار کرکے متاثرین کو بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔

کارروائی کے دوران 38 مردوں اور ایک خاتون سمیت 39 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حکام نے ملزمان کے قبضے سے 40 لیپ ٹاپ اور 41 موبائل فون بھی برآمد کرکے ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ملک کی ڈیجیٹل اور مالیاتی ساکھ کا تحفظ ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔