9 مئی کیسز،علیمہ اور عظمیٰ خانم کی ضمانت میں توسیع

سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے

October 6, 2026 · قومی
9 مئی کیسز،علیمہ اور عظمیٰ خانم کی ضمانت میں توسیع

9 مئی کیسز،علیمہ اور عظمیٰ خانم کی ضمانت میں توسیع

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے جلاؤ، گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوشن سے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو بھی دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔

عدالت نے علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر مزید کارروائی 6 نومبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔

ملزمان کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ ن کے دفتر سمیت مختلف مقامات پر توڑ پھوڑ اور آتشزدگی سے متعلق مقدمات درج ہیں۔