پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

6 سے 15 اکتوبر تک عوامی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد

October 6, 2026 · قومی
پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 6 سے 15 اکتوبر تک عوامی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر ہتھیار لے جانے یا ان کی نمائش، جبکہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے اور ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔

حکومت کے مطابق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ عدالتوں، سرکاری اداروں اور باضابطہ اجازت کے تحت ہونے والی تقریبات پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عوام کے جان و مال اور امن و امان کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرسکتی ہیں، جبکہ جلسے، ریلیاں، دھرنے اور مظاہرے دہشت گرد حملوں کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کی ذیلی دفعہ 6 کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔