دہشت گردی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا،اسد عمر

ہر مسئلہ کیل نہیں ہوتا اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں ہوتا، اس لیے مسائل سے نمٹنے کے لیے حالات کے مطابق مناسب طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

October 6, 2026 · قومی
دہشت گردی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا،اسد عمر(فائل فوٹو)

دہشت گردی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا،اسد عمر(فائل فوٹو)

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک ایسا معاملہ ہے جس پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا، تاہم اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اور درست حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ برس خیبرپختونخوا حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کرکے ایک جرگہ منعقد کیا تھا، اس جرگے کے اعلامیے کی بنیاد پر دہشت گردی کے مسئلے کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسئلہ کیل نہیں ہوتا اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں ہوتا، اس لیے مسائل سے نمٹنے کے لیے حالات کے مطابق مناسب طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں بانی پی ٹی آئی کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کی شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔