خاتون ٹک ٹاکر کی تھانے میں فائرنگ،پولیس اہلکار زخمی
گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جیب کے قریب لگی اور ان کے بٹوے کو چیرتی ہوئی گزر گئی
خاتون ٹک ٹاکر کی تھانے میں فائرنگ،پولیس اہلکار زخمی
ٹیکسلا کے برہان پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون ٹک ٹاکر کی مبینہ فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہونے سے بال بال بچ گئے۔
پولیس کی جانب سے درج مقدمے کے مطابق مسلح خاتون مبینہ طور پر تھانے میں داخل ہوئیں اور ہیڈ کانسٹیبل حسیب الحسن سے تلخ کلامی کے دوران ان پر فائرنگ کردی۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے پولیس اہلکار سے ان مبینہ ریمارکس کے بارے میں بازپرس کی جو ان کے خیال میں اہلکار نے ان کے حوالے سے کیے تھے۔ اس دوران دونوں کے درمیان بحث ہوئی، جس کے بعد خاتون نے پستول نکال کر فائر کردیا۔
پولیس کے مطابق گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جیب کے قریب لگی اور ان کے بٹوے کو چیرتی ہوئی گزر گئی۔ مدعی کے مطابق بٹوے کی موجودگی کے باعث وہ شدید زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث پولیس اسٹیشن میں چھائے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون مبینہ طور پر موقع سے فرار ہوگئیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324 کے تحت درج کرلیا ہے، جبکہ مبینہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔