آزاد کشمیر کابینہ میں اہم ردوبدل،قلمدان تبدیل

کابینہ کے قلمدانوں میں تبدیلی کا مقصد حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام اور انتظامی ترجیحات کے تحت مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

October 6, 2026 · قومی
وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزراء کے محکمے بدل دیے

وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزراء کے محکمے بدل دیے

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں اور ذمہ داریوں میں تبدیلی کی منظوری دے دی، جس کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تین وزراء کے ذمہ محکموں اور انتظامی ذمہ داریوں کو ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالرحمان آرائیں کو صنعت، محنت، ریشم بافی، پرنٹنگ پریس، کھیل، امور نوجوانان، ثقافت، سیاحت اور آثار قدیمہ کے علاوہ تجارت اور اوزان و پیمائش کے محکمے بھی سونپ دیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے پاس محکمہ صحت عامہ کے ساتھ بہبود آبادی کا قلمدان بھی دے دیا گیا ہے، جبکہ محمد ریاست خان کو بورڈ آف ریونیو کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے قلمدانوں میں تبدیلی کا مقصد حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام اور انتظامی ترجیحات کے تحت مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد انتظامی اصلاحات کے ساتھ صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تیز رفتار اقدامات کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ کابینہ کے قلمدانوں میں حالیہ ردوبدل کو بھی اسی انتظامی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔