اسپیکر سندھ اسمبلی سے گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے وفد کی ملاقات

معاہدوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی،17 ایکڑ پارکنگ اراضی کی فراہمی پربھی جلد پیش رفت کامطالبہ

October 6, 2026 · قومی

اسپیکر سندھ اسمبلی سے گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے وفد کی ملاقات، معاہدوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان اور چیئرمین پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نثار حسین جعفری نے اہم ملاقات کی، جس میں سندھ کے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مطالبات اور وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات کے دوران ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ نومبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے چارٹر آف ڈیمانڈ پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ناردرن بائی پاس پر ٹرک اسٹینڈ کے لیے 600 ایکڑ زمین کی فراہمی پر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے، جو ٹرانسپورٹرز کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ نئے ٹرک اسٹینڈ میں کے ایم سی اور واٹر بورڈ کی جگہ پر 4 ایکڑ زمین پارکنگ کے لیے فراہم کرنے کے معاہدے پر بھی عمل ہو چکا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ مائی کلاچی روڈ پر مقامی ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 17 ایکڑ زمین کی فراہمی پر بھی جلد عملی پیش رفت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ تھرڈ پارٹی انشورنس کے خاتمے، پورٹ قاسم لنک روڈ کے کانٹے سے متعلق شکایات کے ازالے اور ٹریفک پولیس کی ای ٹکٹنگ و چالان کے نظام میں ریلیف جیسے مطالبات پر بھی مؤثر عملدرآمد چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے براہِ راست ٹیسٹ لے کر ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے پر بھی سندھ حکومت سے معاہدہ ہوا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے سید اویس قادر شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور سابق وزیرِ ٹرانسپورٹ بھی انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا تھا اور آج بھی وہ ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاسوں کو احسن انداز میں چلانے اور پارلیمانی امور کو بہترین انداز میں آگے بڑھانے پر اسپیکر سندھ اسمبلی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔