عمران خان کے بلڈ پریشر کے علاج کیلئے لندن سے ماہر ڈاکٹر بلایا گیا،طلال چوہدری
عمران خان کی بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی گئی، جس کے بعد ان کی صحت میں بہتری آئی اور بلڈ پریشر اب قابو میں ہے
عمران خان کے بلڈ پریشر کے علاج کیلئے لندن سے ماہر ڈاکٹر بلایا گیا،طلال چوہدری(فائل فوٹو)
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ پریشر کے علاج کے لیے برطانیہ سے ماہر ڈاکٹر کو پاکستان بلایا گیا تھا۔
ایک انٹرویو میں طلال چوہدری نے بتایا کہ عمران خان کی بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی گئی، جس کے بعد ان کی صحت میں بہتری آئی اور بلڈ پریشر اب قابو میں ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کے اہل خانہ کو بھی علاج سے متعلق مکمل آگاہی دی گئی ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے کوئی بات نہیں چھپائی جا رہی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور علاج کے بعد ان کا بلڈ پریشر معمول کے مطابق ہوگیا۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم سے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ممکن تھی اور اگر ایک مزید نشست ہوتی تو نتیجہ سامنے آسکتا تھا۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق مذاکرات کے دوران انہیں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر معمول پر نہیں آ رہا، جس کے بعد لندن سے ماہر ڈاکٹر کو بلایا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس معاملے کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو صحت کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ تاہم رانا ثناء اللہ نے ڈاکٹر بلائے جانے کی تصدیق کی۔
طلال چوہدری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ڈاکٹر تلاش کیا گیا جو برطانیہ اور پاکستان دونوں جگہ پریکٹس کرتا ہے، جبکہ عمران خان کے اہل خانہ بھی اس ڈاکٹر کے علاج سے مطمئن ہیں۔