لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں ملزمان کی گرفتاری پر پابندی
پنجاب بھر کے پولیس افسران اور اہلکاروں کو عدالتی احکامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں ملزمان کی گرفتاری پر پابندی(فائل فوٹو)
لاہور ہائیکورٹ نے عدالت کے احاطے سے ملزمان کی گرفتاری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ملزم کو ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتار نہ کیا جائے۔
اس حوالے سے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے آئی جی پنجاب پولیس کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضمانت کی درخواست مسترد ہونے یا کسی بھی دوسری صورت میں ملزم کو ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے پولیس کو 2014، 2016 اور 2021 میں جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب بھر کے پولیس افسران اور اہلکاروں کو عدالتی احکامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، جبکہ آئی جی پنجاب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ابتدائی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔