ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان وطن واپس روانہ

عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین آج ادیس ابابا سے کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے اہلخانہ سے دوبارہ ملاقات کرسکیں گے۔

October 7, 2026 · قومی
ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان وطن واپس روانہ

ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان وطن واپس روانہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ایم ٹی آنر 25 کے مزید تین پاکستانی کریو ارکان وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین آج ادیس ابابا سے کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے اہلخانہ سے دوبارہ ملاقات کرسکیں گے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے تینوں کریو ارکان سے ملاقات کی اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کیں۔ حکومت نے تمام پاکستانی بحری کارکنوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کریو ارکان کی محفوظ واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے وطن واپسی میں معاونت کرنے والے افراد اور اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے ایم ٹی آنر 25 کے تین پاکستانی کریو ارکان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے مغفرت جبکہ ان کے اہلخانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سمندری راستوں اور بحری کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بھی جاری رکھے گا۔