وفاقی محتسب کے شکایتی نظام میں بڑا اقدام،OTP متعارف

ون ٹائم پاس ورڈ کے ذریعے شکایات کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی بہتر ہوگی جبکہ ڈیٹا کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

October 7, 2026 · قومی
وفاقی محتسب کے شکایتی نظام میں بڑا اقدام،OTP متعارف

وفاقی محتسب کے شکایتی نظام میں بڑا اقدام،OTP متعارف

وفاقی محتسب نوید کرم بلوچ نے لاہور کے علاقائی دفتر میں ماہانہ جائزہ اجلاس کے دوران شکایات کے اندراج کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ کا نیا نظام متعارف کرا دیا۔

نئے نظام کا مقصد جعلی اور بدنیتی پر مبنی شکایات کی حوصلہ شکنی کے ساتھ آن لائن شکایات درج کرانے والے شہریوں کے ذاتی ریکارڈ اور معلومات کو محفوظ بنانا ہے۔ حکام کے مطابق ون ٹائم پاس ورڈ کے ذریعے شکایات کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی بہتر ہوگی جبکہ ڈیٹا کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران وفاقی محتسب کے دفتر میں 2 لاکھ 16 ہزار 719 مقدمات موصول ہوئے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 755 تھی۔ اس طرح مقدمات کی تعداد میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا۔

رواں سال 30 ستمبر تک 2 لاکھ 2 ہزار 415 مقدمات نمٹائے جا چکے ہیں، جبکہ جنوری سے ستمبر کے دوران مقدمات نمٹانے کی شرح 83.7 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 4 فیصد زیادہ ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مجموعی رجسٹرڈ شکایات میں آن لائن شکایات کا حصہ 54 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری شکایات کے اندراج کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے تیزی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف صدر مملکت کو پیش کی جانے والی نمائندگیوں کی شرح بھی انتہائی کم رہی۔ 2026 میں یہ شرح 0.28 فیصد جبکہ 2025 میں 0.27 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نظرثانی شدہ اور توسیع شدہ پروگرام کے تحت موصول ہونے والی شکایات میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی محتسب کا دفتر بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔