اسلام آباد پولیس کی نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری،اہلکاروں پر سخت پابندیاں
سرکاری گاڑیوں، پولیس دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جاسکے گی۔
اسلام آباد پولیس کی نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری،اہلکاروں پر سخت پابندیاں
اسلام آباد پولیس نے افسران اور اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق نئی پالیسی جاری کردی ہے، جس کے تحت تمام رینکس کے اہلکاروں کو متعدد سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق پولیس اہلکاروں کو یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر بنوانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں، پولیس دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جاسکے گی۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کو بغیر اجازت میڈیا کو بیان دینے، عوامی فورمز پر اظہار خیال کرنے اور مضامین لکھنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر ذاتی سیاسی یا مذہبی خیالات کا اظہار بھی پالیسی کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔
نئی ہدایات کے مطابق محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس کی مثبت سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سے پیشگی منظوری لینا لازمی قرار دی گئی ہے۔
پالیسی میں کہا گیا ہے کہ پولیس سے متعلق سرگرمیوں اور معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں گی، جبکہ یونٹ سربراہان اپنے ماتحت عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ نئی سوشل میڈیا پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور اسے آئی جی اسلام آباد کی منظوری حاصل ہے۔