راولپنڈی میں مدرسے جانے والی 15 سالہ لڑکی مبینہ زیادتی کے بعد قتل
مقتولہ کی لاش گھر کے قریب واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے
راولپنڈی میں مدرسے جانے والی 15 سالہ لڑکی مبینہ زیادتی کے بعد قتل
راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید ڈھوک نجو میں 15 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی گزشتہ روز مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم واپس نہ آنے پر اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ واقعے کے بعد تھانہ پیرودھائی میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش گھر کے قریب واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملزم کی شناخت ممریز کے نام سے ہوئی ہے، جو مقتولہ کا خالو بتایا جاتا ہے۔
مقتولہ کے والد نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی گزشتہ روز دوپہر تقریباً 2 بجے سے لاپتہ تھی اور آج اس کی لاش گھر کے قریب ان کے ہم زلف کے گھر سے برآمد ہوئی۔
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔