54 بار ٹریفک سگنل توڑنے پر ڈرائیور کو 2 لاکھ 85 ہزار جرمانہ
پولیس نے ون ایپ کے ذریعے گاڑی کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا تو مجموعی طور پر 54 ٹریفک خلاف ورزیاں سامنے آئیں
54 بار ٹریفک سگنل توڑنے پر ڈرائیور کو 2 لاکھ 85 ہزار جرمانہ
لاہور: بار بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کو 2 لاکھ 85 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ کردیا گیا، جبکہ گاڑی کو تھانے میں بند کر دیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق مانگا منڈی میں سیکٹر انچارج شفیع گجر نے ایک ایسی گاڑی کو روکا جس کے ڈرائیور کی جانب سے ٹریفک سگنلز کی متعدد بار خلاف ورزی کی گئی تھی۔
پولیس نے ون ایپ کے ذریعے گاڑی کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا تو مجموعی طور پر 54 ٹریفک خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ مسلسل خلاف ورزیوں پر ڈرائیور کو 2 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور گاڑی کو تھانے منتقل کردیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور ٹریفک نظام کو بہتر رکھنے کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو بھی واجبات کی ادائیگی اور ریکارڈ کلیئر کرنے کے لیے مراسلے ارسال کیے گئے ہیں۔ لاہور میں مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی اے این پی آر کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے اور خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جاتے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل یا ان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔