پشاور کے ایل آر ایچ سے مبینہ اغوا نومولود بحفاظت بازیاب

شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود بچہ گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر ایک خاتون اٹھا کر لے گئی تھی۔

October 8, 2026 · قومی
پشاور کے ایل آر ایچ سے مبینہ اغوا نومولود بحفاظت بازیاب

پشاور کے ایل آر ایچ سے مبینہ اغوا نومولود بحفاظت بازیاب

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا نومولود پولیس نے بحفاظت بازیاب کرلیا، جبکہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث خاتون کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود بچہ گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر ایک خاتون اٹھا کر لے گئی تھی۔

بچے کے اچانک لاپتا ہونے کی اطلاع ملنے پر ہسپتال انتظامیہ میں تشویش پھیل گئی، جبکہ واقعے کے بعد ہسپتال کے سکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ خان رازق شہید پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات شروع کیں اور نومولود کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔

پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ طور پر اغوا کیے گئے نومولود کو پبی کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث خاتون کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے تاحال واقعے اور خاتون کی گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

واقعے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات سے متعلق سوالات بھی سامنے آئے ہیں کہ نومولود کو ہسپتال سے باہر کیسے لے جایا گیا۔