استور سے سکردو تک 66 کلومیٹر طویل روڈ ٹریک مکمل
دونوں علاقوں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہونے اور آمدورفت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
استور سے سکردو تک 66 کلومیٹر طویل روڈ ٹریک مکمل
گلگت بلتستان میں استور اور سکردو کے درمیان آمدورفت آسان بنانے کے لیے 66 کلومیٹر طویل روڈ ٹریک مکمل کرلیا گیا ہے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق شَقمہ استور سے منٹھو سکردو تک دشوار گزار علاقے میں 66 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے، جس سے دونوں علاقوں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہونے اور آمدورفت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
نئے روڈ ٹریک کی تکمیل سے گلتری کی پھوٹاکس وادی کے 8 دیہات کا ضلعی ہیڈکوارٹرز سے براہ راست رابطہ بھی بحال ہوگیا ہے۔ سڑک کی تعمیر سے مقامی آبادی کو سفری سہولت میسر آنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔
مقامی سطح پر زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق اشیا کی نقل و حمل میں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ استور اور سکردو کے درمیان لوگوں کی آمدورفت بھی نسبتاً سہل ہوجائے گی۔
یہ منصوبہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مقامی آبادی کے لیے سماجی اور معاشی سرگرمیوں کے مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔