خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 142 کیسز سامنے آگئے
رواں سال صوبے میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 142 کیسز سامنے آگئے
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 142 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال صوبے میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 912 ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت 174 مریض زیر علاج یا ایکٹیو کیسز میں شامل ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب تک 2 ہزار 738 افراد ڈینگی سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، جبکہ رواں سال بھی اس بیماری سے کسی مریض کی موت کی اطلاع نہیں ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کوہاٹ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1 ہزار 824 تک پہنچ گئی ہے۔
پشاور میں ڈینگی کے کیسز کی مجموعی تعداد 419، بنوں میں 122، ضلع خیبر میں 101، ہری پور میں 77 جبکہ چارسدہ میں 54 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی و انسدادی اقدامات بھی جاری ہیں۔