لانگ مارچ سے مشکل ہو تو ایک دن اسکول بند کیے جا سکتے ہیں،محکمہ تعلیم
سکول انتظامیہ مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرسکتی ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ممکنہ مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
لانگ مارچ سے مشکل ہو تو ایک دن اسکول بند کیے جا سکتے ہیں،محکمہ تعلیم
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی آمد کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق اہم ہدایات سامنے آگئی ہیں۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم اگر کسی اسکول کی انتظامیہ کو راستوں کی بندش کے باعث طلبہ یا عملے کو آمدورفت میں مشکلات کا خدشہ ہو تو اسکول ایک دن کے لیے بند کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرسکتی ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ممکنہ مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب پشاور میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی آمد کے پیش نظر متعدد نجی اسکول آج بند ہیں۔ نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے مطابق راستوں کی ممکنہ بندش اور ٹریفک کی صورتحال کے باعث طلبہ اور عملے کو مشکلات پیش آسکتی ہیں، جس کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں ایک روز کے لیے معطل کی گئی ہیں۔
نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بھی اسکول بند رکھنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سرکاری اسکولوں میں عمومی طور پر تدریسی عمل جاری رہے گا، تاہم جن علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث صورتحال غیر معمولی ہو وہاں مقامی حالات کے مطابق ایک روزہ تعطیل کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔