مولانا فضل الرحمان نے ثالثی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے سامنے 5 شرائط رکھ دیں

اگر حکومت اور اپوزیشن بنیادی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہوئیں تو وہ ثالثی کا کردار ادا کرنے پر غور کریں گے۔

October 8, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمان نے ثالثی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے سامنے 5 شرائط رکھ دیں

مولانا فضل الرحمان نے ثالثی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے سامنے 5 شرائط رکھ دیں

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل میں ڈیڈلاک کے بعد مولانا فضل الرحمان سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ نے ثالثی کے لیے فریقین کے سامنے پانچ شرائط رکھ دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کردار ادا کرنے کی درخواست پر مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ وہ پہلے یہ جائزہ لیں گے کہ دونوں فریق مسئلے کے حل کے لیے کس حد تک سنجیدہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے فریقین کو اپنی شرائط سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت اور اپوزیشن بنیادی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہوئیں تو وہ ثالثی کا کردار ادا کرنے پر غور کریں گے۔

ان کا مؤقف ہے کہ فریقین کی جانب سے سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش کی جائے تو اب بھی مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے مشورہ دیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے مؤقف کو تسلیم کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ اسی صورت میں درمیانی راستہ تلاش کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر مذاکراتی ڈیڈلاک برقرار رہا اور لانگ مارچ کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مثبت اشارے کے بعد وزیراعظم اور جے یو آئی سربراہ کے درمیان ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم ثالثی کے کردار کا حتمی فیصلہ فریقین کے جوابات اور ان کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔