صومالی قزاقوں کی قید سے رہا شہری 9 ماہ کی بیٹی سے پہلی ملاقات کیلئے بے تاب
یاسین کو بائیں ہاتھ میں مسلسل تکلیف کے باعث جناح اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا ایکسرے اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ کیے
صومالی قزاقوں کی قید سے رہا شہری 9 ماہ کی بیٹی سے پہلی ملاقات کیلئے بے تاب
کراچی:صومالی قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے سوات کے رہائشی یاسین کا جناح اسپتال کراچی میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے سوات روانہ ہوگئے۔
یاسین کو بائیں ہاتھ میں مسلسل تکلیف کے باعث جناح اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا ایکسرے اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ کیے۔ اس کے علاوہ ان کی ذہنی اور نفسیاتی کیفیت کا جائزہ لینے کے لیے ماہر نفسیات سے بھی معائنہ کروایا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق یاسین کے تمام طبی معائنے اور ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ان کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں یاسین نے بتایا کہ قید کے دوران ان کے بائیں ہاتھ میں تکلیف ہوئی تھی کیونکہ بحری قزاقوں نے انہیں ہاتھ باندھ کر یرغمال بنا رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسرے سمیت تمام طبی رپورٹس درست آئی ہیں۔
یاسین کے مطابق وہ سوات روانگی کے لیے پرواز کے ذریعے گھر جا رہے ہیں، جہاں وہ اپنی 9 ماہ کی بیٹی سے پہلی مرتبہ ملاقات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں زندگی دی اور وہ خیریت سے پاکستان واپس پہنچ گئے۔
انہوں نے قید کے دوران جاں بحق ہونے والے اپنے ساتھیوں کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے اپیل کی کہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہوا جائے۔ یاسین نے وزیراعظم شہباز شریف سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بھی درخواست کی۔