سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کا اعتراف
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے حقوق پر سمجھوتا نہیں کیا جاتا
اسلام آباد میں نئی جیل کی تعمیر سے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کا آدھا بوجھ کم ہو جائے گا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل__فوٹو: فائل
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ساجد بیگ نے جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کا اعتراف کیا ہے۔
ساجد بیگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں اس وقت تقریباً 8 ہزار قیدی موجود ہیں، جبکہ گنجائش سے زائد قیدیوں کی تعداد اڈیالہ جیل کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی بڑھتی تعداد کے مسئلے پر حکومت غور کر رہی ہے، اسلام آباد میں نئی جیل کی تعمیر سے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کا آدھا بوجھ کم ہو جائے گا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا، جوڈیشل افسران باقاعدگی سے اڈیالہ جیل کا دورہ کرتے ہیں۔ جیل میں 6 مرد اور ایک خاتون ڈاکٹر تعینات ہیں، جبکہ ای سی جی، الٹراساؤنڈ، ڈینٹل اور دیگر طبی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
ساجد بیگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں دستیاب طبی سہولیات شاید قیدیوں کو جیل سے باہر بھی میسر نہ ہوں۔ یہاں ایچ آئی وی کے تقریباً 100 کیسز ہیں، جبکہ ایچ آئی وی کے بیشتر کیسز قیدی جیل میں داخلے سے پہلے ہی ساتھ لاتے ہیں۔