بحرین کے وزیر خارجہ کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

پاکستان اور بحرین کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

October 8, 2026 · قومی

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کی جی ایچ کیو میں ملاقات، فائل فوٹو۔

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔