آئی ایم ایف کا پاکستان کو پیٹرول سبسڈی محدود کرنے کا مشورہ

فنڈ نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی جاری رکھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے

October 9, 2026 · قومی
آئی ایم ایف کا پاکستان کو پیٹرول سبسڈی محدود کرنے کا مشورہ

آئی ایم ایف کا پاکستان کو پیٹرول سبسڈی محدود کرنے کا مشورہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی محدود کرنے، مہنگی فیول اسکیم ختم کرنے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی تجویز دی ہے۔ فنڈ نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی جاری رکھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان میں جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران معاشی شرح نمو 4 فیصد ریکارڈ کی گئی، تاہم مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات کے باعث شرح نمو کم ہو کر 3.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2026 میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

آئی ایم ایف نے سفارش کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی مرحلہ وار ختم کی جائے اور مالی امداد کو عام سبسڈی کے بجائے صرف مستحق افراد تک محدود رکھا جائے۔ فنڈ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران امداد ہدفی اور عارضی ہونی چاہیے، جبکہ مہنگی اور وسیع پیمانے پر دی جانے والی فیول سبسڈی میں مزید اضافہ کرنے سے گریز کیا جائے۔

اعلامیے میں توانائی کے شعبے کے واجبات کی وصولی بہتر بنانے، گیس کے نقصانات کم کرنے اور بجلی و گیس کی پیداواری لاگت گھٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے توانائی کی قیمتوں میں بروقت ردوبدل اور اخراجات کم کرنے کے لیے اصلاحات کو ضروری قرار دیا۔

فنڈ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مناسب حد تک سخت زری پالیسی برقرار رکھنی چاہیے، جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے بھی اقدامات ناگزیر ہیں۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی منظوری بھی دی ہے۔