وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، سیاسی صورتحال پر گفتگو
ملک کی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، سیاسی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا گیا۔ گفتگو میں خیبرپختونخوا کی صورتحال، خصوصاً پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اس مؤقف پر زور دیا کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی خدمات اور مفاہمت کے لیے ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر اصرار اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے معاملے پر اختلافات سے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ حکومت مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے تیار ہے، تاہم وفاق کی جانب پیش قدمی یا تصادم سے گریز ضروری ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات مسائل کم کرنے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیاسی استحکام کو ملکی معیشت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت معاشی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔