نوکری کا جھانسہ دے کر طلبہ سے رقم بٹورنے والا ملزم شادی کی تقریب سے گرفتار
متاثرہ طلبہ نے اس معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایات درج کرائیں، جس کے بعد خفیہ انکوائری کا حکم دیا گیا۔
نوکری کا جھانسہ دے کر طلبہ سے رقم بٹورنے والا ملزم شادی کی تقریب سے گرفتار
لاہور: طلبہ کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے کے الزام میں پولیس نے ملزم فرحان کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم پولیس والنٹیئر پروگرام میں شامل طلبہ کو ملازمت دلوانے کا وعدہ کرکے ان سے پیسے وصول کرتا تھا۔ متاثرہ طلبہ نے اس معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایات درج کرائیں، جس کے بعد خفیہ انکوائری کا حکم دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق انکوائری کے دوران طلبہ کی شکایات درست ثابت ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں تھانہ نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فرحان کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا کہ پولیس والنٹیئر پروگرام طلبہ کو رضاکارانہ طور پر پولیس کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ پروگرام میں شمولیت یا ملازمت کے نام پر کسی کو رقم ادا نہ کریں۔
فیصل کامران نے شہریوں کو خبردار کیا کہ نوکری یا کسی سرکاری پروگرام میں شمولیت کے نام پر پیسے مانگنے والوں سے محتاط رہیں اور ایسے کسی بھی فراڈ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔