راولپنڈی کارڈیالوجی اسپتال میں نرس پر تشدد کا کیس، ملزمہ کی عبوری ضمانت منظور

زربینہ بی بی اسپتال میں زیرِ علاج ایک مریضہ کی رشتہ دار تھی۔ علاج معالجے کے معاملے پر اس کا اسٹاف نرس ستارہ سلیم سے جھگڑا ہوگیا تھا

October 9, 2026 · قومی
راولپنڈی کارڈیالوجی اسپتال میں نرس پر تشدد کا کیس، ملزمہ کی عبوری ضمانت منظور

راولپنڈی کارڈیالوجی اسپتال میں نرس پر تشدد کا کیس، ملزمہ کی عبوری ضمانت منظور

راولپنڈی: انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اسٹاف نرس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں عدالت نے ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قاسم جاوید نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کو 7 روز کے اندر 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نرس اور ملزمہ کے درمیان جھگڑے کی بنیاد پر خاتون کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

مقدمے کے مطابق زربینہ بی بی اسپتال میں زیرِ علاج ایک مریضہ کی رشتہ دار تھی۔ علاج معالجے کے معاملے پر اس کا اسٹاف نرس ستارہ سلیم سے جھگڑا ہوگیا تھا۔ نرس نے ملزمہ کے خلاف تشدد کرنے اور کپڑے پھاڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔

ملزمہ نے مقدمے میں پہلے ہی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، جسے عدالت نے اب کنفرم کر دیا ہے۔ سماعت کے موقع پر اسٹاف نرس ستارہ سلیم بھی عدالت میں موجود تھیں۔