ٹرمپ نہیں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کام آئی،سابق سفیر نے وزیراعظم شہباز کی تصحیح کردی

پاکستان کی طرف سے نامزدگی کا ذکر، ملیحہ لودھی کا ماضی کے امریکی کردار کا اعتراف

October 9, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف اور سابق سفیر ملیحہ لودھی۔ پاک بھارت جنگ بندی اور پاکستان کی جوہری صلاحیت سے متعلق بیانات۔ (فائل فوٹو)

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو تاریخی قرار دینے پر سابق سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مکمل جنگ کو روکنے میں اصل کردار پاکستان کی جوہری صلاحیت نے ادا کیا، جس نے بھارت کو مزید کشیدگی بڑھانے سے روکے رکھا۔

شہباز شریف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی بروقت مداخلت نے پاکستان اور بھارت کو جنگ کے دہانے سے واپس لانے اور جنگ بندی یقینی بنانے میں مدد دی، جو تاحال برقرار ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں پاکستان نے انہیں نامزد کیا تھا۔

دوسری جانب ملیحہ لودھی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے میں مدد ضرور دی، جیسا کہ ماضی کے بحرانوں میں بھی امریکہ نے کردار ادا کیا تھا، تاہم یہ واضح رہنا چاہیے کہ گزشتہ سال مکمل جنگ کو پاکستان کی جوہری صلاحیت نے روکا۔

ملیحہ لودھی کے مطابق پاکستان کی جوہری صلاحیت نے بھارت کو مزید کشیدگی بڑھانے سے باز رکھا اور اسے تنازع کو مزید آگے لے جانے سے روکا۔