مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کیے جائیں،طاہر اندرابی

دنیا میں جنگوں کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، بین الاقوامی قوانین کی عمل داری کمزور پڑ رہی ہے اور تحمل و برداشت کا راستہ ترک کیا جا رہا ہے۔

October 10, 2026 · قومی
مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کیے جائیں،طاہر اندرابی

مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کیے جائیں،طاہر اندرابی

نیویارک: پاکستان نے خطے میں اسلحے کی دوڑ روکنے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ دنیا میں جنگوں کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، بین الاقوامی قوانین کی عمل داری کمزور پڑ رہی ہے اور تحمل و برداشت کا راستہ ترک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے نتیجے میں جنگ بندی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی صورت میں پیش رفت ہوئی۔

طاہر اندرابی نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اقوام متحدہ کے منشور سے مطابقت رکھتا ہے۔

پاکستانی مندوب کے مطابق جنوبی ایشیا میں بھارت کی عسکری پالیسیوں اور فوجی توسیع کے باعث عدم استحکام اور دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتا، تاہم اپنی ضروریات کے مطابق دفاعی صلاحیتیں برقرار رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیتوں کی موجودگی میں جنگ کو قابو میں رکھنے کے قابلِ عمل تصور کرنا درست نہیں۔

طاہر حسین اندرابی نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔