سیالکوٹ میں مبینہ موبائل چور کا انوکھا استقبال،ڈھول اور مرغ پلاؤ سے تواضع
دکان میں نصب نگرانی کے کیمروں میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر موبائل فون چوری کرتے دیکھا گیا۔
سیالکوٹ میں مبینہ موبائل چور کا انوکھا استقبال،ڈھول اور مرغ پلاؤ سے تواضع
سیالکوٹ کے علاقے مجاہد روڈ پر دکانداروں کی جانب سے مبینہ موبائل چور کے ساتھ غیر معمولی سلوک کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں نوجوان کو سزا دینے کے بجائے ڈھول کی تھاپ پر خوش آمدید کہا گیا اور اس کی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل مجاہد روڈ پر واقع ایک موبائل فون کی دکان سے قیمتی موبائل چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ دکان میں نصب نگرانی کے کیمروں میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر موبائل فون چوری کرتے دیکھا گیا۔
دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کے بعد نوجوان کو ڈھونڈ نکالا۔ تاہم اسے پولیس کے حوالے کرنے یا تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کیا۔
نوجوان کا ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا، گلے میں نوٹوں کا ہار پہنایا گیا اور مرغ پلاؤ سمیت مٹھائی سے تواضع کی گئی۔
دکانداروں کے مطابق نوجوان مبینہ طور پر غربت کے باعث چوری کرنے پر مجبور ہوا، اس لیے انہوں نے اسے سزا دینے کے بجائے پیار سے سمجھانے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے اس غیر معمولی انداز پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔