نوجوانوں کو جنگ کے بجائے کھیلوں کی طرف لانا ہے، سرفراز بگٹی

بلوچ نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، تاہم حکومت انہیں معاشرے کا فعال شہری بنانا چاہتی ہے۔

October 10, 2026 · قومی
نوجوانوں کو جنگ کے بجائے کھیلوں کی طرف لانا ہے، سرفراز بگٹی

نوجوانوں کو جنگ کے بجائے کھیلوں کی طرف لانا ہے، سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کے بجائے کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

کوئٹہ میں آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کے بقول بلوچ نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، تاہم حکومت انہیں معاشرے کا فعال شہری بنانا چاہتی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر بھی آج غلط ثابت ہوگیا کہ حکومت عوام کے درمیان نہیں جا سکتی۔ ان کے مطابق عوام سے بھرے اسٹیڈیم میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ بار بار بلوچستان کی مثال دیتے ہیں، جبکہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرق صرف اتنا ہے کہ کچھ لوگ عوام کو ایک شہر پر چڑھائی کے لیے اکٹھا کرتے ہیں، جبکہ بلوچستان حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں جمع کرتی ہے۔ ان کا دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ کو مشورہ تھا کہ لوگوں کو احتجاج کے بجائے میلوں اور تقریبات کے لیے اکٹھا کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جدوجہد میں کامیابی ریاست پاکستان کی ہوگی۔