وزیراعظم کی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

قومی اور بین الاقوامی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام اور عوام کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

October 10, 2026 · قومی
وزیراعظم کی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم کی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ذیابیطس کی روک تھام اور عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم سے ذیابیطس کے علاج سے وابستہ قومی اور بین الاقوامی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام اور عوام کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ذیابیطس جیسے بڑھتے ہوئے طبی مسئلے سے نمٹنے کے لیے صرف علاج پر انحصار کافی نہیں، بلکہ بیماری سے بچاؤ کو بھی خصوصی اہمیت دینا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، خصوصاً کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند معمولات اپنانے سے متعلق آگاہی کو قومی سطح پر وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو، انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔