پاکستان پولٹری پیداوار میں دنیا میں 11ویں نمبر پر، برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے،وزیر خزانہ
ایسی نمائشوں سے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط ہوتے ہیں
پاکستان پولٹری پیداوار میں دنیا میں 11ویں نمبر پر، برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے،وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مرغی کی پیداوار کے لحاظ سے 11ویں نمبر پر ہے، تاہم پولٹری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
لاہور میں بین الاقوامی پولٹری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں سے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط ہوتے ہیں۔ حکومت پولٹری کے شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے اور اس کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق پولٹری کے شعبے سے 15 لاکھ خاندان وابستہ ہیں، جبکہ یہ شعبہ سالانہ ڈھائی ارب کلوگرام گوشت اور 2 کروڑ 80 لاکھ انڈے پیدا کرتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان کی پولٹری مصنوعات کی برآمدات 40 لاکھ ڈالر سے زیادہ نہیں، جبکہ عالمی پولٹری منڈی کا حجم 45 ارب ڈالر ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پولٹری مصنوعات کی برآمدات بڑھا کر عالمی منڈی میں پاکستان کا حصہ بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس شعبے کی ترقی سے ملکی معیشت مضبوط ہونے اور برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے سیلز ٹیکس چوری کی روک تھام پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا فوری تدارک ضروری ہے۔ وزیراعظم بھی سیلز ٹیکس چوری روکنے کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ پولٹری کے شعبے میں سرمایہ کاری، کاروباری روابط کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے ذریعے پاکستان عالمی منڈی میں اپنی پوزیشن بہتر بنا سکتا ہے۔